عوامی نیشنل پارٹی بنوں نے مردان سیشن کورٹ میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ضلعی صدر حاجی
عبدالصمد خان نے احتجاج کے طور پر بلائے گئے اجلاس میں بتایا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے پھینکنے کیلئے حکومت کو اپنی پالیسی تبدیل کرنا ہو گی اور قومی ایکشن پلان کے تحت اچھے اور برے طالبان میں فرق کو ختم کر نا ہو گا اگر قومی ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جاتا تو آج بے گناہ انسانی جانیں بچائی جا سکتی تھیں اور یہ درد ناک واقعہ دیکھنے کو نہ ملتا عوام آج جنازے اُٹھا اُٹھا کر تھک چکے ہیں ۔اجلاس سے ضلعی جنرل سیکرٹری ناز علی خان،حاجی عبدالمتین خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اُنہوں نے مردان حملے میں وکلاء کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور حکومت سے زخمی اور شہداء کے لواحقین کیلئے ہر ممکن حد تک امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اصولی مؤقف پر قائم رہتے ہُوئے اے این پی اپنی پر امن جدو جہد ہر حال میں جاری رکھے گی۔